وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
نیوز ڈیسک (مورخہ 20 اپریل 2022)
انہوں نے یہ بات امریکی رکن کانگریس الہان عمر سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر 20 سے 24 اپریل 2022 تک پاکستان کے دورے پر ہیں۔
اس ضمن میں ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے ، پاکستانی پارلیمنٹ اور امریکی کانگریس کے درمیان تبادلہ خیال کو تقویت ملے گی۔
میاں شہباز شریف نے الہان عمر سے بات چیت کے دوران کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام، اعتماد اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم جنوبی ایشیا ہی اپنی ترقی پر بھرپور توجہ دے سکتا ہے۔
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ اسلامو فوبیا جیسی برائی سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے وزیراعظم میاں شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے دورے سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔